ڈیرن سیمی پاکستان میں سیاحت سے محظوظ ہونے لگے

Published On 19 March,2021 09:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کے کوچ اور دو مرتبہ ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی میں ورلڈکپ جتوانے والے ڈیرن سیمی پاکستان میں سیاحت سے محظوظ ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی کیسز سامنے آئے، کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ کو منسوخ کرنا پڑا جس کے باعث غیر ملکی کھلاڑی اپنے آبائی وطن کو واپس آ گئے متعدد کھلاڑیوں نے بقیہ میچز کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

تاہم اس دوران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ملتوی ہونے کے بعد پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی اور مینٹور ہاشم آملہ پاکستان میں موجود ہیں اور ملک کے دیگر علاقوں میں سیاحت سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

گزشتہ روز ڈیرن سیمی کی مالم جبہ کے دورے کے موقع پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شلوار قمیض میں ڈانس کر رہے ہیں۔

اب ایک مرتبہ پھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ڈیرن سیمی نے لکھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے میچز ملتوی ہونے پر افسردہ ہوں۔

ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ ملتوی ہونے کے بعد میں مشکور ہوں کہ کرکٹ کے علاوہ پاکستان کی خوبصورتی سے محظوظ ہو رہا ہوں۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی ٹیپ بال کرکٹ میں ان ایکشن ہوئے، لاہور میں نوجوانوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے خوب چوکے چھکے لگائے۔

پی ایس ایل کے ملتوی ہونے پر کوچ پشاور زلمی ڈیرن سیمی نے ٹیپ بال کرکٹ میں رنگ جما دیا، لاہور کے دورے کے موقع پر گاڑی سے نکلے اور گراونڈ میں نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنی شروع کر دی۔ عالمی شہرت یافتہ کرکٹر کو یوں اپنے درمیان دیکھ کر نوجوان حیران رہ گئے۔

پشاور زلمی کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ سے ڈیرن سیمی کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان شاندار شاٹس کھیلتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے خوب چوکے چھکے لگائے جس پر نوجوان ان کو داد دیتے رہے۔

ڈیرن سیمی نے بھی اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر تصاویر شیئر کیں جن میں وہ زندہ دلان لاہور کو محظوظ کرتے نظر آ رہےہیں۔
 

Advertisement