پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلادیش ملتوی

Published On 10 April,2021 03:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب بنگلادیش میں لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کر دیا گیا، جس کے باعث قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلادیش ملتوی کر دیا گیا۔

ابتدائی طور پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایک چار روزہ اور 50 اوورز پر مشتمل پانچ میچز کھیلنے کے لئے 11 اپریل کو ڈھاکہ روانہ ہونا تھا تاہم بنگلادیش میں لاک ڈاؤن لگنے کے باعث راونگی میں چھ روز کی تاخیر کی گئی۔ اس کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آنے کی وجہ سے بنگلادیش کی حکومت نے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجہ سے دورے کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔

دونوں کرکٹ بورڈز اب کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آنے پر باہمی مشاورت سے دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ دورے کی تیاریوں کی غرض سے لاہور میں جاری قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بھی فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement