کینبرا: (دنیا نیوز) انڈین پریمیئر لیگ آسٹریلوی کھلاڑیوں پر بھاری پڑ گئی، 30کرکٹرز، کوچز اور کمنٹیٹرز بھارت میں پھنس کر رہ گئے، آسٹریلوی وزیر اعظم نے ملک واپس لوٹنے والے کھلاڑیوں کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی دے دی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد آسٹریلیا نے بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی اور احکاما ت کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی دی جس کی زد میں آسٹریلوی کرکٹرز بھی آگئے جو آئی پی ایل کیے لئے بھارت میں موجود تھے۔
اس سے قبل دو کرکٹر دوحہ کے راستے آنے والی پرواز کے ذریعہ آسٹریلیا پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے مگر اب حکومت نے قوانین مزید سخت کر دیئے ہیں، آسٹریلیا میں بھارت کے 12 کرکٹرز، گیارہ کوچ، چار کمنٹیٹر، دو امپائر اور سپورٹنگ سٹاف کے چار ارکان موجود ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کوئی بھی شخص بھارت کے راستے ملک میں آیا تو اسے پانچ سال کے لیے جیل اور 3 لاکھ 70 ہزار پاؤنڈز جرمانہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور پیٹ کمنز سمیت 16 آسٹریلوی کرکٹر بھارت میں موجود ہیں جب کہ کوچز میں رکی پونٹنگ، سائمن کیٹچ، کمنیٹیٹر میتھیو ہیڈن، بریٹ لی اور مچل سالٹر لیگ کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا کیسز کا اضافہ: آئی پی ایل میں کرکٹرز کنارہ کشی اختیار کرنے لگے
یاد رہے کہ ایونٹ میں شامل ٹیم راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر اینڈریو ٹائی ممبئی سے بذریعہ دوحا سڈنی کے لیے روانہ ہوئے جس کے بعد مزید دو آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
34 سالہ اینڈریو ٹائی نے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا کے خدشات موجود ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ وہ لیگ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنے والے واحد کھلاڑی نہیں۔ بعض کھلاڑی اپنے گھر واپس جانے کے لیے دستیاب فلائٹس کے متعلق جاننے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
اینڈریو ٹائی کے بعد پیر کو ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن بھی ایونٹ سے الگ ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے فیصلے سے متعلق اپنی فرنچائز کو آگاہ کر دیا ہے۔
زمپا اور رچرڈسن رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے تھے۔ کھلاڑیوں کی دست برداری سے متعلق فرنچائز نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی ذاتی وجوہات کی بنا پر واپس آسٹریلیا جا رہے ہیں اور وہ ایونٹ کے بقایا میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔