نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے خوفناک حد تک کیسز کے بعد کھیلوں کے میدان پر بھی مہلک وباء اثر انداز ہونے لگا، آئی پی ایل میں آسٹریلوی پیسر پیٹ کمنز کے ساتھی کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشاندہی کے بعد آج ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج کولکتہ نائٹ رائیڈر اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچ شیڈول تھا۔ آسٹریلوی میڈیا نے رپورٹ کیاہے کہ کولکتہ نائٹ رائیڈر کے ورون چکرورتی اور سندیپ وارئر کورونا کیسز سے متاثر ہوئےہیں۔
آئی پی ایل انتظامیہ کے مطابق چکراورتھی اور واریئر نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے جبکہ ٹیم کے دیگر اراکین کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
لیگ نے ایونٹ کے آغاز سے قبل تمام 8 ٹیموں کے لیے بائیوسیکور ببل بنایا تھا۔
بھارت میں ریکارڈ تعداد میں کورونا کیسز کی تعداد سامنے آرہی ہے لیکن منتظمین بڑی ڈھٹائی کے ساتھ لیگ میچز کروانے پر تلے ہوئے ہیں،اس میں شامل کرکٹرز ڈالرز کےلالچ میں کھیلنے میں مصروف ہیں، انہیں بھی اس حوالے سے خاصی تنقید کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے فوری طورپر چارٹرڈ فلائیٹ کے انتظام سے انکار کردیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف نک ہوکلے کا کہناہے کہ کھلاڑیوں کی صحت اور ان کی بحفاظت واپسی کی فکر ہے، اس حوالے سے ہم بھارتی کرکٹ بورڈ، اپنے کرکٹرز اور ایسوسی ایشن کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔فوری طورپر ایسے انتظامات ممکن نہیں جس سے کھلاڑیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا جاسکے۔
گزشتہ ہفتے ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن پابندیوں کے اعلان سے پہلے اپنے انتظامات کرکے کمرشل فلائٹ کے ذریعے لوٹے ہیں۔ اب حکومت نے پندرہ مئی تک بھارت سے انےو الی تمام فلائٹس پرپابندی عائد کررکھی ہے اور ساتھ پانچ سال جیل کابھی عندیہ دیا ہے۔