لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کیلئے پاکستان سے کھلاڑیوں کی 25 مئی کو ابو ظہبی روانگی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جا چکے ہیں جس کے بعد اس وقت کراچی کنگز اور پشاور زلمی پانچ پانچ میچ کھیلنے کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے بھی چار چار میچ کھیلنے کے بعد چھ چھ پوائنٹس ہیں اور ان کی بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن ہے۔
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز ملتوی کر دیئے گئے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ بقیہ میچز ہر حال میں ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے کی مکمل منظوری مل گئی تھی۔ پی سی بی نے پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز ابو ظہبی میں کرانے کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت کی طرف سے مکمل منظوری ملنے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے شیڈول تبدیل کر دیا گیا، سکواڈز کو 22 مئی کو دوبارہ کووڈ ٹیسٹنگ کرانا ہو گی، 24 مئی کھلاڑی، آفیشلز لاہور کراچی ہوٹل میں رپورٹ کریں گے۔ 2 روزہ قرنطینہ کے بعد کھلاڑی، آفیشلز کی 26 مئی کو ابوظہبی روانگی ہو گی۔
لاہور اور کراچی سے سکواڈز چارٹڈ فلائٹ سے ابوظہبی پہنچیں گے، غیر ملکی کرکٹرز 26 مئی کو ابوظہبی پہنچ کر 7 روز قرنطینہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز اب یکم جون کے بجائے ایک ہفتہ تاخیر سے شروع ہوں گے، 20 جون کو فائنل کرانے کے لیے میچز کا ٹائم اور شیڈول بھی تبدیل ہو گا جو جمعہ کو باضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، کرکٹ بورڈ اور ابوظبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پی سی بی ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائےگی جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔