شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل 6 سے آؤٹ

Published On 24 May,2021 06:40 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ ابوظہبی میں کھیلے جانے والے لیگ کے بقیہ میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کی غرض سے کراچی میں ٹریننگ کررہے تھے جہاں انہوں نے اپنی کمر کے نچلے حصے میں درد محسوس کی۔ڈاکٹرز نے ان کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کچھ ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

شاہد آفریدی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے چار میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی،ان کی جگہ آصف آفریدی کو ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہناہے کہ انہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد اٹھنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا، بدقسمتی سے انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے،جس کی وجہ سے وہ ابوظہبی لیگ میں ملتان سلطانز کو جوائن نہیں کرسکیں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں مایوسی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کررہے تاہم ان کی تمام تر نیک تمنائیں ملتان سلطانز کے ساتھ ہیں۔

دوسری طرف عمر امین اور برینڈن کنگ اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کا 20 رکنی اسکواڈ مکمل ہوگیا ہے۔

پشاور زلمی نے افغانستان کے حضرات اللہ زازائی، ثمین گل اور خالد عثمان کو بحثیت ریزرو کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

Advertisement