ابوظہبی: (روزنامہ دنیا) پی ایس ایل 6 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے افغانستان ٹیم کے بیٹسمین نجیب اللہ ز دران کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کا مداح ہوں اور ان سے سیکھنا چاہتا ہوں۔
افغانستان ٹیم کے بیٹسمین نجیب اللہ زدران کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو کافی عرصے سے مانیٹر کر رہا تھا، جانتا ہوں کہ پی ایس ایل سے کئی بہترین کھلاڑی سامنے آئے ہیں، خوشی ہو رہی ہے کہ اس مرتبہ خود ایونٹ کا حصہ ہوں۔
افغان کرکٹر نے کہا کہ پی ایس ایل فاسٹ باؤلرز کی وجہ سے زیادہ پسند ہے، وسیم اکرم کی کوچنگ میں پہلے بھی کھیل چکا ہوں، میری بیٹنگ تکنیک وسیم اکرم کو پسند ہے۔ نجیب اللہ زدران نے کہا کہ کراچی کنگز میں ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں، کوشش یہی ہے کہ کراچی کنگز کو ایک مرتبہ پھر چیمپئن بنائیں۔
افغان کرکٹر نے کہا کہ ابوظہبی کے گرم موسم کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں، بہترین کھلاڑی وہی ہوتا ہے جو ہر موسم میں ایڈجسٹ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بابر اعظم کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں، بچے، بڑے سب ہی ان کے دیوانے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کرکٹ سیریز ہونی چاہیے۔