وکٹوں کو لات مارنے پر شکیب الحسن تین میچوں کے لیے معطل

Published On 12 June,2021 05:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ملک کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کو ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران وکٹوں کو لات مارنے اور وکٹیں اکھاڑ کر زمین پر دینے پر تین میچوں کے لیے معطل کر دیا ہے۔

 

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق کرکٹ بورڈ نے معطلی کے ساتھ شکیب الحسن پر پانچ لاکھ ٹکہ جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔

خیال رہے جمعے کو ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے دوران محمڈن سپورٹنگ کلب اور ابہانی لمیٹڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران شکیب الحسن نے امپائر عمران پرویز کے ایل بی ڈبلیو کے فیصلے پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے امپائر کے سامنے لگے ہوئے سٹمپز کو لات مارا تھا۔

اس واقعے کے ایک اوور بعد وہ دوسرے امپائر سے کسی بات پر تکرار کرکے نان سٹرائکرز اینڈ پر لگی وکٹیں اکھاڑ کر انھیں زمین پر پٹخ دیا تھا۔

شکیب الحسن اس میچ میں اپنی ٹیم محمڈن سپورٹنگ کلب کی کپتانی کر رہے تھے اور ان کی ٹیم نے اس میچ میں ڈکورتھ لوئس نظام کے تحت 31 رنز سے فتح اپنے نام کی تھی۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین قاضی احمد کا کہنا تھا کہ شکیب الحسن پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ان کے مطابق میچ ریفری کی رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ شکیب نے دو خلاف ورزیاں کی جن میں وکٹوں کو لات مارنا اور وکٹیں اکھاڑ کر زمین پر پٹخ دینا شامل ہیں۔

خیال رہے کل کے واقعے کے بعد شکیب الحسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی تھی۔

اپنے آفیشل فیس بک اکاونٹ پر مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا تھا کۃ پیارے شائقین اور فالوورز، میں غصہ کرنے اور سب کے لیے میچ خراب کرنے پر، خاص طور پر وہ لوگ جو گھروں سے دیکھ رہے ہیں، انتہائی معذرت خواہ ہوں۔ مجھ جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو اس طرح کا ردعمل نہیں دینا چاہیے تھا لیکن بعض اوقات بدقسمتی سے ایسا ہو جاتا ہے۔ میں اس انسانی غلطی پر ٹیموں سے، انتظامیہ، ٹورنامنٹ حکام اور آرگنائزنگ کمیٹی سے معذرت چاہتا ہوں۔ امید ہے کہ میں آئندہ اس عمل کو نہیں دہراؤں گا۔ آپ سب کا شکریہ اور پیار۔
 

Advertisement