لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں الجھنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد سے معافی مانگ لی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے لکھا کہ سرفراز احمد ہمارے لیے قابل فخر ہیں، وہ میرے ہمیشہ کپتان رہیں گے۔ کھیل کے دوران جو کچھ بھی ہوا وہ لمحہ جوش والا تھا۔
اپنے ٹویٹر پر انہوں نے کہا کہ مجھے سینئر کی عزت کرتے ہوئے خاموش رہنا چاہیے تھا، میں ہمیشہ اپنے سینئرز کا احترام کرتا ہوں۔
Saifi bhai is the pride of all of us. He was and will always remain a captain for me. Whatever happened in the game that day was heat of the moment. I should have stayed quiet in respect of him. I have always respected my seniors and pray and wish the best for @SarfarazA_54 bhai. pic.twitter.com/sbwMj1Owyw
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) June 17, 2021
آخر میں شاہین شاہ آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کی طرف سے معذرت خواہانہ ٹویٹ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے لکھا کہ فیلڈ میں ایسا ہوتا ہے، آپ پاکستان کے سٹار ہیں اور چھوٹے بھائی ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ آپ کو زندگی میں مزید کامیابیاں ملیں۔
It’s all good bro.
— Sarfaraz Ahmed (@SarfarazA_54) June 17, 2021
Whatever happened in the field it should stay in the field.
You are the star of Pakistan too.
May Allah give you more success in life. You are little brother to me .All is well https://t.co/zmRY2a72Em
یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کے ابوظبی میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی الجھ پڑے تھے ۔
16 جون کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے 19ویں اوور میں پیسر کے باؤنسر پر گیند سابق کپتان کے ہیلمٹ پر لگی، بظاہر انہوں نے کوئی تکلیف محسوس نہیں کی مگر امپائر علیم ڈار نے معائنے کیلیے فزیو کو بلالیا۔
اس موقع پر سرفراز اور شاہین الجھتے نظر آئے،لاہور قلندرز کے فیلڈرز نے شاہین شاہ آفریدی کو بولنگ کیلیے واپس جانے کو کہا،محمد حفیظ نے سرفرازاحمد سے بات کی پھر پیسر نے اپنے اوور کی آخری گیند کرائی۔
اننگزختم ہونے پرلاہورقلندرزکے کپتان سہیل اختربھی سابق کپتان سے بات کرتے نظرآئے، جیمز فالکنر امپائرز کے ساتھ بات کرنے لگے تو ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی پاس آگئے، بعد ازاں انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے میدان میں ہونے والے واقعے کو کھیل کا حصہ قرار دیدیا۔
دوسری جانب میچ ریفری نے شاہین شاہ آفریدی اورسرفراز احمد کوتلخ کلامی پرسرزنش کرکے چھوڑ دیا۔ انھیں مستقبل میں محتاط رویہ اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذرائع کے مطابق باؤنسرہیلمٹ پر لگنے کے بعد کپتان نے حریف پیسرسے صرف یہ کہا تھا کہ حال توپوچھ لیتے، اس پروہ مشتعل ہو گئے اور حارث رؤف سے بھی باؤنسر کرنے کا کہا۔
لاہور قلندرز کا کہنا ہے کہ سرفراز نے شاہین سے معافی مانگنے کا کہا جس سے انھوں نے انکار کر دیاتو ناراضی کا اظہار کرنے لگے۔