لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے 3 میچز کی سیریز پہلے ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
نوٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے جس کے جواب میں پوری انگلش ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 150 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، بابراعظم 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 85 رنز اور محمد رضوان 8 چوکوں اورایک چھکے کی مددسے 41 گیندوں پر63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ صہیب مقصود نے 7 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 2چھکے لگائے ۔ فخرزمان 8 گیندوں پر 26 اور محمد حفیظ 10 گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دونوں کی اننگز میں 3،3فلک شگاف چھکے شامل تھے ۔انگلینڈ کی جانب سے ٹام کیورن نے 2، ڈیوڈ ولے ، ثاقب محمود اور لیوس کریگوری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن روئے نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ڈیوڈ میلان کو 1 اور پھر جونی بریسٹو کو 11 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا جب کہ معین علی بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جیسن روئے 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان آئن مورگن 16 اور لیوس گریکوری 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم لیام لیونگ سٹون نے وکٹیں گرنے کے باوجود جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 42 گیندوں پر اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی پہلی سنچری بنا ڈالی جس میں 9 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے تاہم شاداب نے اگلی ہی گیند پر انہیں پویلین واپس بھیج دیا، وہ 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 20 اوورکی دوسری گیند پر 201 رنز بناکرآل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 3، 3 محمد حسنین، حارث رؤف اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شاہین آفریدی کو 3 میچ ٹرننگ وکٹیں لینے پر مرد میدان کے اعزاز سے نوازا گیا۔