لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے وویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار پر کیے جانے والے تبصرے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری باتوں کو غلط انداز میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام کا کلپ سوشل میڈیا پر خاصہ وائرل ہوا تھا جس میں عبدالرزاق کرکٹر ندا ڈار سے متعلق میزبان کو کہہ رہے تھے کہ آپ ندا سے ہاتھ ملا کر دیکھ لیں یہ اب لڑکی تو نہیں لگتیں۔
ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
½ A clip from a TV show has surfaced, highlighting some comments I made towards my fellow cricketer Nida Dar. Although these comments were made in a lighted-hearted way and not to offend anyone, on reflection the choice of words and their presentation was poor and wrong.
— Abdul Razzaq (@ARazzaqPak) July 16, 2021
عبدالرزاق نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ان کی باتوں کو غلط انداز میں لیا گیا، ساتھی کرکٹر ندا ڈار سے متعلق کیے جانے والا تبصرہ ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا تھا، اس کا مقصد کسی کو ناراض کرنا نہیں تھا، الفاظ کا چناؤ اور انہیں پیش کرنے کا انداز غلط تھا۔
سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ میں نے ندا ڈار کو فون کرکے اپنا مؤقف واضح کردیا تھا، میرے دِل میں تمام خواتین کیلئے بے حد عزت ہے، خاص طور پر خواتین کرکٹرز کیلئے جنہوں نے کھیل کے شعبے میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔
I have subsequently called Nida Dar and clarified my position. I have utmost respect for all women, especially our women cricketers, who have made great strides in our sport. Nida is our shining star and I hope she continues to make Pakistan proud
— Abdul Razzaq (@ARazzaqPak) July 16, 2021
عبدالرزاق نے آخر میں ساتھی کرکٹر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ندا ہمارے ملک کا چمکتا ہوا ستارہ ہیں، مجھے امید ہے وہ پاکستان کا نام یوں ہی روشن کرتی رہیں گی۔