چوتھا ٹی ٹونٹی میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا، پاکستان نے سیریز جیت لی

Published On 03 August,2021 07:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بارش کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چوتھا ٹی ٹونٹی میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا، چار میچز کی سیریز پاکستان نے 1-0 سے جیت لی،

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گیانا میں ہونے والے چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان پولارڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اس میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ویسٹ انڈیز بیٹنگ:

کیربین ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز فلیچر اور کرس گیل نے کیا، دونوں نے ابتداء میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 3 اوور میں 30 رنز بنائے تھے کہ بارش آ گئی جس کے بعد میچ شروع نہ ہو سکا۔ کرس گیل 12 اور فلیچر 17 سکور کیساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستانی سکواڈ:
محمد رضوان، شرجیل خان، بابر اعظم، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، حارث رؤف

ویسٹ انڈیز سکواڈ:
فلیچر، گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، رسل، پولارڈ، ہولڈر، شیفرڈ، براوو، ہیڈن والش، عقیل حسین

یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جانے تھے تاہم آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے سیریز کے دوران کورونا وائرس کی آمد کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ایک میچ کو کم کر کے چار میچوں تک محدود کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 رنز سے شکست دے دی تھی چنانچہ پاکستان کو اس سیریز میں اب تک برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اتوار کو ہونے والا تیسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے فلیچر اور گیل نے کھیل کا آغاز کیا اور کسی نقصان کے بغیر 15 رنز بنائے مگر پھر بارش کی وجہ سے میچ تعطل کا شکار ہوا۔ کئی گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد بالآخر میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔

Advertisement