آئی سی سی کرکٹ کو اولمپک گیمز میں شامل کروانے کیلئے متحرک

Published On 10 August,2021 03:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کو اولمپک گیمز میں شامل کروانے کی کوششوں کی تصدیق کر دی، عالمی ادارے نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو لاس اینجلس اولپمکس 2028 میں کرکٹ کی شمولیت کیلئے کام کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ میں 3 کروڑ کرکٹ فینز ہیں، لاس اینجلس 2028 بہترین موقع ہو گا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں دوبارہ شامل کیا جائے۔ اس سے قبل کرکٹ کو صرف ایک دفعہ پیرس اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا جو سال 1900 میں منعقد ہوئی تھی، اس موقع پر صرف دو ٹیموں برطانیہ اور پیرس نے کرکٹ میچ کھیلا تھا۔ 2028 میں کرکٹ کی واپسی کا مطلب ہو گا کہ مذکورہ کھیل 128 سال بعد دوبارہ اولمپکس کے عالمی میلے میں شامل ہو گی۔

اس مقصد کیلئے اگلے برس برمنگھم میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز 2022 میں بھی کرکٹ کو موقع دیا جائے گا جو اولمپکس 2028 میں کرکٹ فینز کی پسندیدہ کھیل کیلئے راہ ہموار کرے گا۔

آئی سی سی چیئر گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ اولمپکس گیمز میں کرکٹ کا اضافہ اولمپکس جیسے عالمی ایونٹ کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔ بارکلے نے مزید کہا کہ کرکٹ کا مستقبل روشن ہے، اس کے دنیا بھر میں اربوں فینز ہیں۔

آئی سی سی کے اولمپک ورکنگ گروپ کو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئر آین واٹمور ہیڈ کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں آئی سی سی انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر اندرا نوئی، زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئر ٹاوینگوا مکوہلانی اور چیئر کرکٹ امریکہ پراگ مراتھ سمیت دیگر شامل ہوں گے۔
 

Advertisement