کنگسٹن:(روزنامہ دنیا)دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کا حساب چکتا کردیا جو آخری سیشن میں 219 رنز پر ڈھیر ہو کر 109رنز سے شکست کھا گئی اور دو میچوں کی سیریز ایک،ایک سے برابر ہو گئی جس میں جیسن ہولڈر ہی 47رنز بنا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سبائنا پارک پر پانچویں روز ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 49 رنز کے ساتھ اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نائٹ واچ مین الزاری جوزف 17رنز پر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے اور این کروما بونر حسن علی کی دن میں پہلی بال پر دو رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔حسن علی نے سلپ میں کھڑے عمران بٹ کی مدد سے روسٹن چیز کو صفر کا تحفہ دیا تو ہوم ٹیم 73 رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی تھی۔
کپتان براتھویٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور تین چوکوں سمیت 25 رنز کرنے والے جرمین بلیک ووڈ کے ساتھ اسکور 101 پر پہنچایا تو نعمان علی نے جرمین بلیک ووڈ اور پھر پانچ چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنانے والے کریگ براتھویٹ کو بھی چلتا کیا اور پاکستانی ٹیم جیت کی پوزیشن میں آگئی۔
اس موقع پر عابد علی کے ہاتھوں نئی زندگی پانے والے کائیل میئرز نے مثبت انداز سے پانچ چوکوں سمیت 32 رنز بنائے اور شاہین آفریدی نے انہیں بھی محمد رضوان کے ہاتھوں برطرف کیا تو 159رنز پر سات وکٹیں گرتے ہی بارش شروع ہوگئی جس کے سبب چائے کا وقفہ جلد کردیا گیا مگر وقفے کے بعد نعمان علی نے جیسن ہولڈر کو اپنا تیسرا شکار بنا لیا جو47 رنز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگا چکے تھے جبکہ شاہین آفریدی نے چار اور نعمان علی نے تین جبکہ حسن علی نے دو وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو 219 پر ڈھیر کردیا۔
واضح رہے کہ چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں پر 176رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو 329 رنز کا ہدف دیا تھا۔میچ میں دس وکٹیں لے کر شاہین آفریدی مرد میدان اور سیریز کے بہترین پلیئر بھی قرار پائے ۔