گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں گراس رووٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ کے لیے سکولوں کے بچوں کے ٹرائل لیے گئے جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ماہر کوچز نے بہترین بلے باز اور بائولرز منتخب کئے۔
سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی جناح سٹیڈیم میں سکولوں کے بچوں کے ٹرائل لیے گئے جس میں گوجرانوالہ کے مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد بچوں نے شر کت کی۔ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد دس ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا جو کہ بعد ازاں انٹر سکول مقابلوں میں اپنے اپنے سکول کی نما ئندگی کریں گی۔
پاکستان کر کٹ بورڈ کے ماہر کوچز کی نگرانی میں ہونے والے ٹرائلز میں بہترین بلے باز اوربائولرز کا انتخاب کیا گیا۔ اس موقع پر کوچز نے ٹرائل کے لیے آنے والے بچوں کی خوب رہنمائی بھی کی۔ ٹرائل کے انعقاد سے بچے بہت خوش تھے۔
بچوں کا کہنا ہے کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے یہ بڑی اچھی کاوش ہے۔ اگر ہمیں اسی طرح کے مواقع ملتے رہے وہ آگے جا کر ملک و قو م کا نام رو شن کریں گے۔