جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر نے ٹیسٹ میں 93 میچز کھیلے اور 493 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 125 ون ڈے میچز میں ملک کی نمائندگی کی اور 196 شکار کیے جبکہ ٹی ٹونٹی میں انہوں نے 47 بار ٹیم کی نمائندگی اور 64 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین نے کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی۔
Announcement. pic.twitter.com/ZvOoeFkp8w
— Dale Steyn (@DaleSteyn62) August 31, 2021
اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان میں ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ یہ ٹریننگ، میچوں، سفر، کامیابیوں، ناکامیوں، برادرانہ تعلق وغیرہ کے 20 برس ہیں۔ بتانے کو بہت سی یادیں اور شکریہ ادا کرنے کو بہت سے چہرے ہیں۔
جذبات بھرے مختصر سے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آج میں باقاعدہ طور پر اپنے محبوب ترین کھیل کو الوداع کہہ رہا ہوں۔
ڈیل سٹین نے اہلخانہ، ساتھی کھلاڑیوں، صحافیوں اور فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا یہ ساتھ گزرنے والا یادگار سفر تھا۔