انضمام الحق ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سکواڈ میں آصف علی، شان مسعود کو شامل کرنے کے خواہشمند

Published On 02 September,2021 04:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے آصف علی اور شان مسعود کو شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے پاکستان سپر لیگ اور حال ہی میں کشمیر پریمیئر لیگ میں اپنی بیٹنگ سے متاثر کرنے والے شان مسعود کو ورلڈ کپ سکواڈ میں اپنے اوپنر کے طور پر منتخب کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں شان مسعود کے بارے میں بات کرتا ہوں تو میں نے انہیں پی ایس ایل اور کے پی ایل میں کھیلتے دیکھا ہے، وہ بہت ہی بہترین سٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتا ہے اور سمجھداری کے ساتھ شاٹس مارتا ہے، سٹرائیک کو روٹیٹ کرنا جانتا ہے لہذا اگر میرے پاس کوئی چوائس ہو تو میں یقینی طور پر اس پر غور کروں گا وہ ایک اچھا فیلڈر اور بہترین ٹیم پلیئر ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آصف علی کی سلیکشن کے لیے بھی سوچنا چاہیے کیوںکہ وہ اہم مواقع پر اپنی وکٹ گنوانے کے باعث تنقید کا نشانہ بننے کے بعد اب اپنی بیٹنگ میں بہتری لاچکے ہیں۔ چھٹی پوزیشن پر ہمیں ایک ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہے جو کسی بھی وقت بڑے شاٹس مار سکے اور میرے نزدیک وہ کھلاڑی آصف علی ہے، ان کے نام پر غور کیا جائے، وہ قابل اعتماد کھلاڑی نہیں رہا لیکن اس نے اپنی بیٹنگ میں کچھ پختگی پیدا کی ہے اور اب سمجھداری سے کھیلتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے کھلاڑی آپ ہر وقت انحصار نہیں کرتے ہیں، اگر وہ 5 میں سے 3 میچوں میں پرفارمنس دے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ بہت اچھا کر رہا ہے۔ کپتان توقع کرتا ہے کہ وہ آتے ہی چوکے اور چھکے مارنا شروع کردے گا لیکن ایسا کرنے کی صورت میں وہ آئوٹ بھی ہوسکتا ہے، میں نے اسے پی ایس ایل اور کے پی ایل میں دیکھا ہے ، اس کی بیٹنگ میں بہتری ہے۔
 

Advertisement