ویرات کوہلی کا ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان

Published On 16 September,2021 06:29 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ ٹی ٹونٹی کی قیادت سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی قیادت کرتا رہوں گا اور ٹی20 میں بحیثیت کھلاڑی بھی دستیاب ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سے نو سال کے دوران حد سے زیادہ بوجھ اور پھر پچھلے پانچ چھ سالوں کے دوران مستقل قیادت کے سبب میں محسوس کرتا ہوں کہ مجھے خود کو کچھ وقت دینے کی ضرورت ہے تاکہ میں ون ڈے اور ٹیسٹ میں انڈین ٹیم کی قیادت کے لیے تیار رہ سکوں۔ میں نے ٹی20 کپتان اپنا سب کچھ بھارتی ٹیم کو دیا ہے اور بحیثیت بلے باز ایسا کرنے کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کرنے میں بہت وقت لیا اور اقدام اٹھانے سے قبل سینئرز کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی کے عہدیداروں سے بھی مشاورت کی۔

انہوں نے اپنے قیادت کے عہد میں سپورٹ کرنے پر تمام کھلاڑیوں، سلیکشن کمیٹی، کوچز اور ان تمام بھارتی شائقین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹیم کی فتح کے لیے دعائیں کیں۔
 

Advertisement