نیشنل ٹی ٹونٹی کا آج آغاز، قومی کرکٹ کو سپورٹ کیا جائے، کپتانوں کی اپیل

Published On 23 September,2021 10:32 am

راولپنڈی:(روزنامہ دنیا)نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک تمام کپتانوں نے تماشائیوں کو نیشنل ٹی ٹونٹی کو سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے ۔آج سے 13 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام ٹیموں کے کپتانوں کو امید ہے کہ ایونٹ میں سنسنی خیز میچز کھیلے جائیں گے ۔سنٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کا کہناہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں ہمیشہ اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلنے کو ملتی ہے ۔ پنڈی سٹیڈیم کی شاندار پچز سے اس کا معیار مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی تیاریوں کیلئے بہترین موقع ثابت ہوگا ، امید ہے کہ شائقین کرکٹ پرجوش انداز میں سٹینڈز کا رخ کریں گے جس سے ایونٹ میں مقابلے کی فضا بڑھے گی۔

بلوچستان کے کپتان امام الحق کا کہنا ہے کہ پنڈی کے پرجوش تماشائی ہمیشہ معیاری کھیل اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اندازہ ہے کہ فی الحال وہ مایوس ہیں مگر درخواست ہے کہ وہ کرکٹ کو سپورٹ کرنے سٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ نیشنل ٹی ٹونٹی کو چار چاند لگ جائیں۔خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ٹائٹل کے کامیاب دفاع کیلئے پرعزم ہے ،ٹورنامنٹ ہمارے لیے ایک نیا چیلنج ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کا کراؤڈ بہت پرجوش ہوتا ہے اور امید ہے کہ ہمیں اس ایونٹ میں بھی سٹینڈز سے بھرپور سپورٹ ملے گی۔

ناردرن ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں باؤلرز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے اور ہماری باؤلنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے ، کوشش ہے کہ اپنی طاقت پر کرکٹ کھیلیں۔سندھ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے اور پنڈی میں موجود تماشائی نیشنل ٹی ٹونٹی کو بھرپور انداز سے سپورٹ کریں گے ۔ کپتان سدرن پنجاب صہیب مقصود نے کہا کہ ان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور انہیں اپنی ٹیم سے ایونٹ میں بہترین کھیل کی توقع ہے ۔
 

Advertisement