آسٹریلیا کو پاکستان میں شیڈول دورہ پر جانا چاہیے: عثمان خواجہ

Published On 23 September,2021 05:49 pm

میلبورن(دنیا نیوز )پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ بھی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ منسوخی پر بول پڑے اور اسے دہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان میں شیڈول دورہ پر جانا چاہیے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان میں عین وقت پر سکیورٹی تھریٹ کو وجہ بناکر پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا تھا اور اپنی ٹیم کو فوری طور پر واپس بلالیا تھا جبکہ اس کے بعد انگلینڈ نے بھی اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے بھی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا اور پاکستان کی حمایت میں بولتے ہوئے کہا کہ وقت اور ایونٹس کی کامیاب میزبانی نے ثابت کیا کہ پاکستان کرکٹ کےلیے محفوظ ملک ہے۔

پاکستانی نژادآسٹریلوی جارح مزاج بلے باز عثمان خواجہ نے پاکستان میں سیریز نہ کھیلنے پر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو آل آؤٹ کر تے ہوئے اپنے ردعمل میں اسے دہرا معیار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایسی صورتحال میں کوئی بنگلہ دیش یا بھارت میں جانے سے انکار نہیں کر سکتا ، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے پی سی بی نے سخت محنت کی، وقت اور ایونٹس کے کامیاب انعقاد سے ثابت کیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے۔

عثمان خواجہ نےاپنی ٹیم کو مشورہ دیا کہ آسٹریلیا کو پاکستان میں شیڈول دورہ پر جانا چاہیے ۔
 

Advertisement