قومی ٹی 20کپ،دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا کی سنٹرل پنجاب کو مات

Published On 23 September,2021 11:28 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) قومی ٹی 20کپ کے افتتاحی روز کے دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 36رنز سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد پی سی بی کی جانب سے قومی ٹی 20کپ قبل از وقت شروع کیا گیا جس میں افتتاحی روز کے دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے سنٹرل پنجاب کو ہرادیا۔

خیبر پختونخوا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے5وکٹوں کے نقصان پر 187رنز بنائے۔فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 26اور افتخار احمد ناٹ آؤٹ40سکور بنا کر نمایاں رہے۔

سنٹرل پنجاب کے حسن علی نے سب سے زیادہ 3وکٹیں اپنے نام کی جبکہ وہاب ریاض اور احمد صفی عبداللہ نے 1،1وکٹ حاصل کی۔

188رنز ہدف کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 151رنز بناسکی۔

کپتان بابر اعظم 29،احمد شہزاد 24اور محمد اخلاق 62رنز بنا کر نمایاں  بیٹسمین رہے جبکہ خیبر پختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی نے 3،عمران خان نے 2،ارشد اقبال نے 2،محمد وسیم نے 1اور آصف آفریدی نے 1وکٹ حاصل کی۔

محمد رضوان کو 65رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


 

قبل ازیں کھیلے گئے پہلے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 6وکٹوں سے شکست دی۔
 

Advertisement