قومی ٹی 20کپ،سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 2وکٹوں سے پچھاڑ دیا

Published On 24 September,2021 11:00 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)قومی ٹی 20کپ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 2وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹی 20کپ کے دوسرے روز کے دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے فتح سمیٹتے ہوئے بلوچستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2وکٹوں کی شکست سے دوچار کردیا۔
بلوچستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے7وکٹوں کے نقصان پر 142رنز بنائے،عمید آصف نے سب سے زیادہ 32رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کاشف بھٹی 27،بسم اللہ خان 21اور بنگلزئی 19رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے،سنٹرل پنجاب کے عثمان قادر نے سب سے زیادہ 4وکٹیں حاصل کی جبکہ وہاب ریاض نے 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
143رنز کا ہدف سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 19ویں اوور میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے 65رنز بنائے جبکہ وہاب ریاض نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 20رنز بنائے۔دیگر بیٹسمینوں میں محمد اخلاق نے 14اور حسن علی نے 19رنز بنائے،عثمان قادر 3سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بلوچستان کے عاکف جاوید نے 2،جنید خان نے 3،کاشف بھٹی نے 2اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

Advertisement