دنیائے کرکٹ کے کامیاب کپتان عمران خان نے زندگی کی 69 اننگز کھیل لیں

Published On 05 October,2021 11:41 am

لاہور: (دنیا نیوز) دنیائے کرکٹ کے کامیاب کپتان، آل راؤنڈر اور عالمی چیمپئن بننے والے عمران خان نے زندگی کی 69 اننگز کھیل لیں، آئی سی سی سمیت پرستاروں نے مبارکباد دی۔

پانچ اکتوبر 1952 کو پنجاب کے ضلع میانوالی میں پیدا ہونے والے عمران خان کو کرکٹ سے محبت گویا گھٹی میں ملی، کزنز کو اسٹار بنتا دیکھ کر شوق جنون میں بدلا، لاہور اور پھر انگلینڈ میں تعلیم کے ساتھ خوب کرکٹ کھیلی۔

تین جون 1971 کو انگلش سرزمین پر ٹیسٹ ڈیبیو کیا، اٹھاسی ٹیسٹ میچز میں 3807 رنز بنائے، 6 سنچریز، 18 ففٹیز بھی شامل ہیں، 362 بلے بازوں کو طوفانی بولنگ کا شکار بھی بنایا۔ اکتیس اگست 1974 کو کیرئر کا پہلا ون ڈے کھیلا، 175 میچز میں 3709 رنز جوڑے، ایک سنچری اور 19 نصف سنچریز بھی ریکارڈ بُک میں شامل، 182 وکٹیں بھی اڑائیں۔

کرکٹ کیرئر میں بہترین بولر اور آل راؤنڈر کے بعد 1992 کا ورلڈکپ جیتنے والے کامیاب ترین کپتان بنے، فاتح عالم بننے پر اکیس سالہ کرکٹ سفر ختم کیا۔
سوشل ویلفیئر کی اننگز شروع کی ، شوکت خانم کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی جیسے عالمی شہرت یافتہ منصوبے مکمل کیے۔

سیاست کے میدان میں انٹری ڈالی، 22 سال کی طویل جدوجہد، 2018 کے عام انتخابات میں ان کی جماعت تحریک انصاف نے فتوحات کے جھنڈے گاڑ دیئے، کرکٹ کے فاتح عالم پاکستان کے وزیر اعظم بنے۔ لیجنڈری کرکٹر کی سالگرہ پر آئی سی سی سمیت پرستاروں نے مبارکبادیں دیں۔
 

Advertisement