دبئی:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20کرکٹ میں 2500رنز بناکر ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آسٹریلیا ک خلاف میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 39رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ انہوں نے اس میچ میں اہم اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے بھارت کے ویرات کوہلی کو ایک اور ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بابر اعظم 62 اننگز میں 2500 رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے جبکہ اس سے قبل ویرات کوہلی نے 68 اننگز میں 2500 رنز بنائے تھے۔
اس فہرست میں آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسرے،نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل چوتھے اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی 20ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر بن گئے ہیں اور انہوں نے اپنی ہی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا میگا ایونٹ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کے قائد بابر اعظم نے میگا ایونٹ کے ٹاپ سکورر ہونے کا اعزاز کیا اور 269 رنز بنانے والے انگلش بلے باز جوز بٹلر کو پیچھے چھوڑ دیا۔
قومی ٹیم کے کپتان نے میگا ایونٹ میں سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے،اس فہرست میں جو روٹ تیسرے اور جیک کیلس چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔