پہلا ٹی 20میچ:پاکستان نے بنگلہ دیش کو4وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 19 November,2021 04:25 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)محمد نواز اور شاداب خان کی سنسنی خیز مقابلے میں جارحانہ بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی 20میچ میں4وکٹوں کی شکست سے دوچار کردیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20انٹرنیشنل میچ میں شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کا 128رنز کا ہدف6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 11 اور کپتان بابر اعظم 7 رنز بناکر پویلین لوٹےجبکہ فخر زمان اور خوشدل شاہ نے 34،34رنز بنائے جبکہ شاداب خان 2چھکوں اور 1چوکے کی مدد سے 10گیندوں پر 21،محمد نواز 2چھکوں اور 1چوکے کے ساتھ 8گیندوں پر 18سکور بناکر ناقابل شکست رہے،تسکین احمد نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حسن علی کو میچ میں شاندار باؤلنگ کرکے 3وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے۔بنگال ٹائیگر کی جانب سے عفیف حسین 38 اور مہدی حسن 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونیئر نے 2، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کی جیت بنگلہ دیش کے حصے میں آئی جس پر کپتان محمود اللہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز پر بنگالی اوپنرز محمد نعیم اور سیف حسن کریز پر آئے، شاہین باولرز کے نپے تلے انداز نے بنگالی بیٹنگ کا ٹاپ اور مڈل آرڈر درہم برہم کر دیا۔

میزبان ٹیم کی پہلی شراکت داری اس وقت ٹوٹی جب حسن علی کی بال پر کیپر محمد رضوان نے 3 کے مجموعی سکور پر محمد نعیم کا کیچ پکڑا، انہوں نے محض ایک رن بنایا تھا۔ بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 10 رنز پر گری، بلے باز سیف حسن شاہین باولر محمد وسیم کا شکار بنے، نجم الحسن نے بھی محمد وسیم کو کیچ پکڑایا۔

بیٹر عفیف حسین نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے تاہم وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رکا اور وہ شاداب کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ کپتان محموداللہ شاہین باؤلر محمد نواز کی بال پر بولڈ ہو گئے تھے۔
 

Advertisement