سیالکوٹ واقعہ:سری لنکن کرکٹر کا بھی دکھ اور افسوس کا اظہار

Published On 06 December,2021 05:28 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)سیالکوٹ میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر سری لنکن کرکٹر انجیلو میتھیوز نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سری لنکن آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز کا کہنا تھا کہ ایک سری لنکن کے قتل کا سن کر صدمہ اور افسوس ہوا ہے۔کسی انسان کو کسی دوسرے کی قسمت کے فیصلے کا اختیار نہیں ہے، اس وحشیانہ واقعے کے ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

قبل ازیں سیالکوٹ میں مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے مقتول سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے بھائی کمال کمارا نے کہا کہ ہمیں امید ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان حملہ آوروں کے خلاف سنجیدہ اقدام کریں گے۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمال کمارا نے کہا کہ سری لنکن حکومت مقتول کی مالی امداد کے لئے پاکستان حکومت اورفیکٹری مالک سے رابطہ کرے۔ مقتول کے پسماندگان تنہا ہوگئے ، دوبچوں کو تعلیم حاصل کرنی ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقتول حملہ آوروں سے کہوں گا ایسے غیر انسانی حملے مت کرو، ہم سب انسان ہیں، ایک دوسرے کےمذہب کا احترام کرنا چاہیے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں امید ہے وزیر اعظم پاکستان حملہ آوروں کے خلاف سنجیدہ اقدام کریں گے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگادی تھی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیراعلیٰ پنجاب سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اور وزیراعظم عمران خان کو سیالکوٹ واقعہ پر بریفنگ دی گئی اور رپورٹ پیش کی گئی، جب کہ وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے ارکان کو قومی سلامتی پالیسی پر بریفنگ دی ۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے، آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔
 

Advertisement