کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کو بڑا جھٹکا لگ گیا اور کپتان وہاب ریاض کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جن کی جگہ شعیب ملک کپتانی کریں گے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے میلے میں پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ سے قبل ہی بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس کے اب تک تین کھلاڑی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن 7 کی ٹیم پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کامران اکمل اور ارشد اقبال کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے جن کی جگہ ریزرو کھلاڑیوں میں سے امام الحق اور عماد بٹ کو جزوی متبادل کے طور پر زلمی ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
کامران اکمل اور ارشد اقبال کے بعد اب کپتان وہاب ریاض کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث کل کے میچ کے لئے اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے اور ان کی جگہ شعیب ملک پشاور زلمی کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔