سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں دم توڑگئے

Published On 15 May,2022 09:35 am

سڈنی: (دنیا نیوز) سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں دم توڑ گئے، لیجنڈری کھلاڑی کی موت پر سابق کرکٹر اور شائقین کرکٹ نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر، سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ لیجندڑی کرکٹر کی کار کو حادثہ آسٹریلیا کے شہر ٹاؤنزویل کے قریب پیش آیا۔

46 سالہ کرکٹر نے 26 ٹیسٹ 198 ون ڈے اور 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، اینڈریو سائمنڈز نے انٹرنیشنل کیریئر میں مجموعی طور پر6 ہزار 887 رنز اور 165 وکٹیں حاصل کیں۔ لیجنڈری آل راؤنڈر 2مرتبہ آسٹریلوی ورلڈ چیمپئن اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔

اینڈریو سائمنڈ کی موت پر سابق کرکٹرز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے کرکٹ کی دنیا کے لیے صدمہ قرار دیا ہے۔ کرکٹر ایڈم گلکرسٹ، جیسن گلیسپی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ یہ واقعہ تکلیف دہ ہے۔

افسوسناک واقعے پر پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر بہت اداسی ہوئی۔ بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ ، انیل کمبلے اور لکشمن نے بھی سائمنڈز کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔

سابق انگلش کپتان مائیل وون کا کہنا ہے کہ سائمنڈز کی موت کا یقین نہیں آرہا، اینڈریو سائمنڈز کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔
 

Advertisement