مظفر آباد: (عباد اللہ خان) کے پی ایل انتظامیہ نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
کے پی ایل انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو لیگ کا حصہ بننے کی دعوت دیں گے۔ کے پی ایل میچز کھیلیں یا پھر کسی میچ کے مہمان خصوصی بنیں، اس حوالے سے انھیں پڑوسی ملک کے کرکٹر کو دعوت نامہ بھی بھیجا جائے گا۔
صدر کے پی ایل عارف ملک نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی چاہیں تو بحیثیت کھلاڑی لیگ کا حصہ بنیں یا بطور مہمان خصوصی میچز میں شرکت کریں، ہم کے پی ایل کے ذریعے امن کا پیغام دے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں بھارتی کرکٹر بھی لیگ کا حصہ بنیں، لیگ کرکٹ کیساتھ ساتھ ایک مقصد بھی ہے، جس کے تحت کشمیر میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔
عارف ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پہلے سیزن کی طرح دوسرا سیزن بھی مظفر آباد میں ہوگا، کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو یکم اگست سے شروع ہوگی جو 14 اگست تک جاری رہے گی، 14 اگست کو پاکستان کے 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر فائنل ہوگا جو تاریخی ہوگا، کے پی ایل کیساتھ شائقین کرکٹ کو فینٹسی لیگ بھی دیکھنے کو ملے گی جس میں مظفر آباد اور سری نگر کی ٹیمیں ورچوئلی ایک دوسرے کیساتھ کھیلتی نظر آئینگی، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے لوگوں کو ملائیں تاکہ امن کا پیغام عام ہو۔