اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے بعد اسلام آباد اپنے گھر پہنچ گئے۔
اسلام آباد پہنچنے پر حارث رؤف کے اہل خانہ اور دوست احباب نے ان کا استقبال کیا جب کہ حارث کے گھر کے باہر مداحوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ سب مداحوں کا پاکستان کو سپورٹ کرنے کا بے حد شکریہ، آپ لوگ اتنی محبت کرتے ہیں اسی وجہ سے ہم پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں، الحمد اللہ جیسا ہمارا ورلڈکپ رہا ہم سب خوش ہیں، میرا خیال ہے کہ ہماری پرفارمنس سے پورا پاکستان خوش ہے۔
حارث رؤف نے مزید کہا کہ یقین تھا کہ کم بیک کریں گے، شاہین آفریدی کا انجرڈ ہونا کھیل کا حصہ ہے، ہم نے فائنل کو فائنل کی طرح کھیلا، ہمارا بولنگ اٹیک پورے ورلڈ کپ میں بہتر رہا، کسی بھی فیلڈ میں ہارڈ ورک کی ضرورت ہوتی ہے، اپنی کرکٹ پر فوکس ہے، ہم نے ورلڈ کپ میں مضبوط کم بیک کیا، دکھ ہوا کہ اتنی بڑی اسٹیج پر پہنچے اور ہارگئے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان ٹیم کو انگلینڈ سے شکست ہوئی تھی۔