لاہور:(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ والے ٹیسٹ کے لئے ٹی ٹونٹی کے کھلاڑی لیکر آئے ہیں، پاکستان کو بھی سوچنا پڑے گا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پنڈی سٹیڈیم کی بے جان وکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچز بنانے میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، پنڈی سٹیڈیم کی پچ بہتر ہونی چاہیے تھی کیونکہ پچ شہ رگ ہوتی ہے، بغیر گھاس والی پچوں پربھی باؤنس ہوتا ہے، سیزن میں اچھی پچز بنیں گی اور کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ میں بھی یہی پچز ملیں گی۔
رمیز راجا نے کہا کہ ڈراپ ان پچز مسئلےکا حل ہو سکتا ہے، ڈراپ ان پچز مہنگی ہوتی ہیں لیکن امید کرتا ہوں کہ پچیں اچھی بنیں گی، ڈراپ ان پچ بحری جہاز میں آنی ہے، پاکستان خود ڈراپ ان پچیں بنائے گا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ کے حوالے سے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے جیسی بیٹنگ کی وہ آج تک نہیں دیکھی، انگلینڈ والے ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر لےکر آئے ہیں، پاکستان کو بھی سوچنا پڑے گا۔
ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان نہیں جانا لیکن ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر نہیں جا سکتا، ایشیا کپ ہمارا ہے، ایشیا کپ پاکستان سے باہر نہیں جا سکتا۔