دبئی: (ویب ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ایک روزہ کرکٹ میں بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق مینز ون ڈے بیٹنگ پلئیرز رینکنگ میں کپتان بابراعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈیر ڈوسن 766 دوسرے نمبر پر ہیں۔
رینکنگ میں کوئنٹن ڈی کاک 759 پوائنٹس کے تیسری پوزیشن پر، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 747، قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق 740 پوائنٹس کے ہمراہ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی تیاری، بابر اعظم نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا
بھارت کے ویرات کوہلی کو انکے ہم وطن شبمن گِل نے ایک درجہ نیچے دھکیل دیا ہے، وہ 734 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیرئیر بیسٹ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ کوہلی ایک درجے تنزلی کے بعد 727 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی شاہین شاہ آفریدی کی آٹھویں پوزیشن ہے۔