بی پی ایل : کومیلا وکٹورینز کی ٹائیگرز کو 7 وکٹوں سے شکست

Published On 01 February,2023 02:32 am

ڈھاکہ : ( ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ( بی پی ایل ) کے 32 ویں میچ میں کومیلا وکٹورینز نے کھلنا ٹائیگرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

منگل کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کومیلا وکٹورینز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ ٹائیگرز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔

تمیم اقبال نے 95 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کپتان شائے ہوپ 91 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے، وکٹورینز کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور مصدق حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں 211 رنز کا ہدف کومیلا وکٹورینز نے 18.2 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد رضوان اور جونسن چارلس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 122 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچایا۔

رضوان 39 بالوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ پر جونسن چارلس نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار سنچری سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

جانسن چارلس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ فتح کے بعد کومیلا وکٹورینز بی پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ 

Advertisement