نوجوان کرکٹر عرفات منہاس پی ایس ایل میں ایکشن کیلئے پرجوش

Published On 10 February,2023 03:03 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے کھلاڑی عرفات منہاس نے ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں لیگ کھیلنے پر کافی خوش اور ایکشن کے لیے پر جوش ہوں، کوشش کروں گا کہ اچھی کارکردگی سے ٹیم کو جتوانے میں کردار ادا کر سکوں۔

نوجوان کرکٹر عرفات منہاس نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ٹم ڈیوڈ، ڈیوڈ ملر اور رائلی روسو جیسے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا ایک بڑا موقع ہے، یہ دنیا کے بہترین ہٹرز ہیں، ان تمام کھلاڑیوں سے پاور ہٹنگ کا آرٹ سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

عرفات نے ڈیوڈ ملر کو بہترین فنشر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ڈیوڈ ملر سے میچ کو فنش کرنے کا گر سیکھوں کیوں کہ ملر دنیا کے بہترین فنشر ہیں اور آج کل کی کرکٹ میں فنشر کی کافی اہمیت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پی ایس ایل کرکٹرز کیلئے کتنا اہم پلیٹ فارم ہے، اس سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کروں گا، میں چاہتا ہوں ایونٹ میں اچھا پرفارم کر کے خود کو اچھا آل راؤنڈرد ثابت کروں اور قومی ٹیم میں جگہ بناؤں، پی ایس ایل نے ماضی میں کئی نوجوان کرکٹرز کو فرش سے اٹھا کر عرش تک پہنچایا ہے۔ 

Advertisement