لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے اب تک ہونے والے 7 ایڈیشن میں کون سی ٹیم کتنے میچز جیت چکی اور کس ٹیم نے کتنی بار ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ 8 کا آغاز کل (13 فروری) سے ملتان میں ہوگا۔
سپر لیگ کے اب تک ہونے والے 7 ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطان، کراچی کنگز، پشاور زلمی اور لاہور قلندرز نے ایک ایک بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پی ایس ایل میں 43 فتوحات کے ساتھ پشاور زلمی کو سب سے زیادہ میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، کراچی کنگز کو اب تک سب سے زیادہ 42 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اب پی ایس ایل 8 کے لیے تمام ٹیموں نے کمر کس لی ہے، دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ٹائٹل کے دفاع کے لیے پر عزم ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹرافی اٹھانے پر نظریں جمالی ہیں۔
پشاور زلمی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے دعوؤں نے بھی ماحول گرمانے کے ساتھ ساتھ شائقین کا جوش بڑھا دیا ہے۔