پی ایس ایل 8: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 20 February,2023 06:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل 8 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے 155 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 6 وکٹ پر پورا کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میچ کے آغاز میں مشکلات کا شکار ہونے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افتخار احمد اور سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو جیت کیلئے 155 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں پشاور زلمی کو بھی ابتدائی اوورز میں مشکلات پیش آئیں، محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کی اور 4 اوورز میں محض 13 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم پشاور زلمی کے رن ریٹ میں کمی نہ آئی، گلیڈی ایٹرز نے 155 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے جیمز نیشم 37 اور روومین پاول 36 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، محمد حارث 18، بابر اعظم 19، صائم ایوب 0، ٹام کوہلر کیڈمور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، داسن شناکا 16 اور وہاب ریاض 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نسیم شاہ نے 19 رنز دے کر ایک جبکہ محمد نواز نے 47 رنز کے بدلے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، قیس احمد کو بھی ایک وکٹ حاصل کرنے کیلئے 41 رنز دینا پڑے۔
 

پی ایس ایل8 کے 9 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا، کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے جانے والے نویں میچ میں دونوں ٹیمیں پی ایس ایل 8 میں پہلی بار آمنے سامنے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے، جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سرفراز الیون نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

گلیڈی ایٹرز کو کھیل کے آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور ان کی پہلی 3 وکٹیں صرف 37 کے مجموعے پر گرگئیں، جیسن رائے 14، مارٹن گپٹل 12 اور محمد نواز صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کریز پر موجود کپتان سرفراز احمد اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کیلئے انتہائی قیمتی 74 رنز جوڑے۔

ایونٹ میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 میچ کھیل چکی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ سرفراز الیون نے کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔

دوسری جانب پشاور زلمی بھی اب تک 2 ہی میچ کھیل چکی ہے، اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو آؤٹ کلاس کردیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے ملتان سلطانز کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی۔
 

Advertisement