لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران حکومت اور پی سی بی میں واجبات کی ادائیگی کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا جس کی وجہ سے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے پی ایس ایل کے میچز کراچی منتقل ہونے کا امکان ہے۔
نگران حکومت نے سکیورٹی، لائٹس اور کھانے کی مد میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے 45 کروڑ روپے طلب کیے ہیں جبکہ پی سی بی 5 کروڑ روپے دے چکا ہے، اس حوالے سے پی سی بی کا موقف ہے کہ پہلی حکومتیں سکیورٹی وغیرہ کے اخراجات خود برداشت کرتی تھیں۔
پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز نے پنجاب کی نگران حکومت کی طرف سے 45 کروڑ روپے کا بل دینے کے مسئلے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، واضح رہے پنجاب کے شہر ملتان میں پی ایس ایل کے 5 میچز ہو چکے ہیں جبکہ لاہور اور راولپنڈی میں 9،9 میچز شیڈول ہیں۔