45 کروڑ نہیں دے سکتے، پی سی بی نے نگران پنجاب حکومت کو ڈیڈ لائن دیدی

Published On 24 February,2023 04:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کو 45 کروڑ کی خطیر رقم فراہم نہیں کی جائے گی۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزرز کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے کی جبکہ فرنچائزرز نے آن لائن شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل قومی ایونٹ ہے، سکیورٹی اور لائٹوں کی مد میں 45 کروڑ کی خطیر رقم پنجاب کی نگران حکومت کو ادا نہیں کی جائے گی۔

پی سی بی اور فرنچائزرز نے نگران پنجاب حکومت کو فیصلے کیلئے کل تک کی ڈیڈلائن دے دی، نگران پنجاب حکومت کل تک 45کروڑ کی ڈیمانڈ سےباز نہ آئی تو پی ایس ایل کے بقیہ میچز کراچی منتقل کر دیے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل8 کے میچز کراچی منتقل کرنے کے لیے انتظامات شروع کر دیے ہیں، نیا شیڈول بھی فرنچائزز کے ساتھ ڈسکس کر لیا گیا ہے۔

تمام فرنچائزز نے پی سی بی کے فیصلے کی تائید کی، اگر نگران حکومت نے پی سی بی کا موقف نہ اپنایا تو پی ایس ایل 8 سمیت نیوزی لینڈ کے میچز بھی کراچی منتقل کیے جائیں گے۔

Advertisement