لاہور: (ویب ڈیسک) راشد خان بھی شاہین شاہ آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہو گئے۔
لاہور قلندرز کے کھلاڑی راشد خان نے کہا کہ پاکستان آنے پر لاہور قلندرز کی جانب سے دل سے استقبال بہت اچھا لگا، یہاں سے ملنے والے پیار پر میں خود کو بہت خوش قسمت محسوس کرتا ہوں، گزشتہ برس جاتے وقت جس طرح سے محبت ملی تھی اسی طرح اب ثمین رانا و دیگر کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، میں قلندرز کا حصہ ہونے پر خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے بطور کپتان بہترین پرفارم کیا، وہ ٹیم کو یکجا رکھتے اور ساتھی کھلاڑیوں خاص طور پر نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، شاہین زیادہ جذباتی نہیں ہوتے، نوجوان ان سے بات کرنے میں کوئی جھجھک محسوس نہیں کرتے، بطور باؤلر اور کپتان سب کو ان کی بڑی سپورٹ حاصل ہوتی ہے، گزشتہ سال ٹائٹل جیتنے میں ان کا اہم کردار تھا۔
راشد خان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جیسے پیسرز کی سپورٹ حاصل ہو تو سپنرز پر ذمہ داری کا بوجھ کم ہوجاتا ہے،اختتامی اوورز میں بھی ان کی باؤلنگ اچھی رہتی ہے، اس لیے درمیانی اوورز میں سپنرز پر دباؤ نہیں ہوتا، سب ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 میں شرکت کا تجربہ اچھا جارہا ہے، میں گزشتہ سال کی کارکردگی دہرانے کی کوشش کروں گا، میں باؤلنگ، بیٹنگ اورفیلڈنگ سے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہوں، پاکستانی پچز سے سپنرز کو مدد ملتی ہے، اگر باؤلرز اچھی لائن ولینتھ پر باؤلنگ نہیں کریں تو پٹائی ہوتی ہے، بطور باؤلر میرا اہم کردار ہے، میں بیٹنگ میں بھی اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کروں گا۔