نیوزی لینڈ نے سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز 0-2 سے جیت لی

Published On 01 April,2023 02:31 am

ہملٹن : ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

سیڈن پارک ، ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41.1 اوورز میں 157 رنز بنائے، پاتھم نسانکا نے 57 ، کپتان داسن شاناکا نے 31، چمیکا کرونارتنے 24 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میٹ ہنری، ہنری شپلی اور ڈیرل مچل نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کیوی ٹیم نے ویل ینگ کی عمدہ بیٹنگ اور ناقابل شکست 86 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 32 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے آئی لینڈرز سے نہ صرف میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

ویل ینگ ناقابل شکست 86 اور ہنری نکولس ناقابل شکست 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ویل ینگ عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

Advertisement