لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عمران فرحت نے رواں برس کے آخر میں بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت ٹاکرے کے فاتح کی پیشگوئی کی ہے۔
41 سالہ عمران فرحت نے خیال ظاہر کیا کہ اس بڑے مقابلے کے دوران بولنگ اہم ہوگی، پاکستان کے پاس بھارت سے زیادہ بہتر سپنرز ہیں، مجھے لگتا ہے بھارت اور پاکستان کے درمیان اس میچ میں پاکستان جیت جائے گا کیونکہ ہمارے پاس بھارت سے بہتر ون ڈے ٹیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہتر اسپنرز اور تیز گیند باز ہیں، ہمارے پاس اچھے بیٹرز بھی موجود ہیں جنہیں بیٹنگ کی بنیادی اہم باتوں کا علم ہے، دوسری طرف بھارتی کھلاڑی بہت زیادہ T20 کرکٹ کھیلتے ہیں، اسی لیے انہیں اُس کا تجربہ ہے۔
سابق کرکٹر نے بھارتی مڈل آرڈر بیٹر یووراج سنگھ کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں بھی کُھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ وہ یووراج کے والد کے بھی انتہائی قریب تھے۔
عمران فرحت کا کہنا تھا کہ یووراج کے والد کا چندی گڑھ میں ایک پٹرول پمپ اور ایک ریسٹورنٹ تھا، ہم اپنے دوروں کے دوران وہاں بیٹھ کر ان کے ساتھ ثقافت اور روایات کے بارے میں بات کرتے تھے۔
واضح رہے کہ عمران فرحت نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 40 ٹیسٹ، 58 ون ڈے انٹرنیشنل اور 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے، انہوں نے اپنے کیریئر میں چار سنچریوں اور 27 نصف سنچریوں کے ساتھ تمام فارمیٹس میں 4195 رنز بنائے۔