ایشیا کپ میں شکست کی تمام ذمہ داری کپتان پر ڈالنا درست نہیں: مصباح الحق

Published On 19 September,2023 10:04 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ بھارت سے 228 رنز سے شکست صرف کپتان بابر اعظم کی وجہ سے نہیں ہوئی، ایشیا کپ میں ٹیم سے غلطیاں ہوئی ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی بری کارکردگی سے ٹیم کو ڈینٹ پڑا ہے، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کو اس صورتحال سے نکلنا ہو گا، شکست کی تمام ذمہ داری کپتان بابر اعظم پر ڈالنا درست نہیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کسی بھی سطح پر تبدیلی کا یہ وقت مناسب نہیں، جو خامیاں ہیں سب کے سامنے ہیں، ایک بری پرفارمنس پر پینک بٹن نہ دبائیں، یہی شاداب خان تھا جس نے ماضی میں پرفارمنس دی ہے، یہی ٹیم نمبر ون بھی بنی ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہمیں اپنی پرفارمنس بہتر کرنی ہے، پاکستان کا اعتماد ضرور خراب ہوا ہے، پاکستان ہمیشہ مشکل حالات سے باہر نکلا ہے، مجھے اُمید ہے یہی ٹیم بہتر کرے گی، ٹیم میں تبدیلی کے حوالے جواب سلیکشن کمیٹی دے گی۔