سری لنکن کرکٹ بورڈ برطرفی کے ایک روز بعد بحال، وزیر کھیل کا فیصلہ کالعدم قرار

Published On 07 November,2023 03:09 pm

کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا کی ایک عدالت نے کرکٹ بورڈ کو برطرف کرنے کا وزیر کھیل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

سری لنکا کی اپیل کی عدالت نے ملک کے کرکٹ بورڈ کو برطرف کرنے کے وزیر کھیل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے منگل کو مکمل سماعت تک برطرف کیے گئے عہدیداروں کو بحال کر دیا۔

عدالت نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا کی جانب سے دائر کی گئی بورڈ کو برطرف کرنے اور عبوری کمیٹی تشکیل دینے کے خلاف درخواست منظور کر لی۔

عدالت نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی بحالی دو ہفتوں کے لئے ہے، اس معاملے پر دوبارہ سماعت ہو گی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد گزشتہ روز کرکٹ بورڈ کو برطرف کرکے نئی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

وزیر کھیل کی جانب سے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو نئے عبوری بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا، نئی 7 رکنی کمیٹی میں سپریم کورٹ کے ایک سابق جج اور بورڈ کے ایک سابق صدر بھی شامل تھے۔