ٹائم آؤٹ پاکستان بھی پہنچ گیا، قومی ٹی ٹوئنٹی میں بلے باز صہیب مقصود دوسرا شکار بن گئے

Published On 25 November,2023 10:12 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ 2023ء کے بعد ٹائم آؤٹ پاکستان کے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی پہنچ گیا، پاکستانی بلے باز صہیب مقصود ٹائم آؤٹ قانون کا دوسرا شکار بن گئے۔

آزاد جموں و کشمیر اور ملتان ریجن کے میچ میں ملتان ریجن کی نمائندگی کرنے والے صہیب مقصود کریز پر دیر سے پہنچنے کے باعث ٹائم آؤٹ کا شکار بن گئے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں سری لنکا اور بنگلادیش کے میچ میں سری لنکن بیٹر اینجلو میتھیوز کو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

صہیب مقصود اینجلو میتھیوز کے بعد ٹائم آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کراچی میں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں 18 ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اس ٹورنامنٹ کے میچز 4 مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جا رہے ہیں جن میں نیشنل بینک سٹیڈیم، یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس، نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس اور ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گراؤنڈ شامل ہیں۔