لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی دورہ آسٹریلیا سے پاکستان کیلئے اچھا رزلٹ لائیں۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ کوشش ہوگی آسٹریلیا سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں، جس طرح کی ٹیم چاہتے تھے ویسی ہی آسٹریلیا جا رہی ہے، دورہ آسٹریلیا ہمارے لیے ایک چیلنج ہو گا، مشکل وقت میں سابق کپتانوں سے مشورہ لوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہش تھی حارث رؤف دورہ آسٹریلیا میں ساتھ ہوتے، جو دستیاب فاسٹ باؤلر ہیں ان کے بہترین استعمال کی کوشش کریں گے، بابراعظم ہمارے بہترین بلے باز ہیں ان کی بیٹنگ پوزیشن کو نہیں چھیڑیں گے، پوری ٹیم ذمہ داری لے گی تو اچھے نتائج آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ یہ ایک نئی ٹیم بنی ہے، امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پاکستان کیلئے کافی پرفارمنسز دی ہوئی ہیں، شاہین، بابر اعظم، محمد رضوان اور سرفراز احمد نے دباؤ کے باوجود اچھی پرفارمنسز دی ہوئی ہیں، اس ٹیم میں کوئی ایک لیڈر نہیں، ہماری کوشش ہوگی ٹیم میں ہر پلیئر ایک لیڈر کے طور پر کھیلے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ میں باؤنس ہوتا ہے، ہر جگہ وکٹ کی کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں، ہم پاکستان کو آسٹریلیا نہیں بناسکتے، تنقید تو ہوتی ہے اور ضرور ہو گی، دورہ آسٹریلیا کی کارکردگی کو ہم قبول کریں گے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ دروازے سب پلیئرز کیلئے کھلے ہوئے ہیں، جو پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس دے گا وہ ضرور ٹیم میں آئے گا، میں نے ہمیشہ کوشش کی جہاں سلیکٹ نہیں ہوا وہاں کوشش کروں اور واپس آؤں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے، ملتان سلطان کی کپتانی میرے کیریئر کا بڑا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔