پاکستان سے سیریز: انگلش کھلاڑی آئی پی ایل ادھوری چھوڑ گئے

Published On 16 May,2024 03:31 am

ممبئی: (دنیا نیوز) انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے اپنے اہم پلیئرز کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے واپس بلا لیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ بورڈ کی ہدایت پر انگلش کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو چھوڑ کر وطن واپس چلے گئے ہیں، آئی پی ایل ادھوری چھوڑنے والوں میں انگلینڈ کے ٹاپ کرکٹرز جونی بیرسٹو، سیم کرن، لیام لیونگ سٹون، ول جیکس، ریس ٹوپلی، جوس بٹلر، فل سالٹ اور معین علی شامل ہیں، مذکورہ کھلاڑی پاکستان کیخلاف سیریز کے باعث ملک کی نمائندگی کیلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب آئی پی ایل چھوڑ کر جانے پر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر سیخ پا ہو گئے اور کہا کہ جو کھلاڑی آئی پی ایل چھوڑ کر واپس جا رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، ان پر جرمانے کئے جائیں، فرنچائز کو معاہدے کرنے سے پہلے نظرثانی کی ضرورت ہے جو کرکٹرز لیگز کو ادھورا چھوڑ رہے ہیں ان کے معاہدوں کو ختم کیا جائے۔

سنیل گواسکر نے دعویٰ کیا کہ کرکٹ بورڈز کو آئی پی ایل کے باعث 10 فیصد کمیشن ملتا ہے جو کوئی اور لیگ ادا نہیں کرتی، اگر سیریز کیلئے کھلاڑی آئی پی ایل چھوڑ رہے ہیں تو بورڈز پر بھی جرمانہ کیا جانا چاہیے، بی سی سی آئی بورڈز کو خطیر رقم ادا کرتا ہے لیکن اس کے بدلے ہمیں کیا ملتا ہے؟۔