ٹرینٹ برج: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں منفرد عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں 3 میچز کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہیں، جمعرات کو ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، انگلش ٹیم نے دعوت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا۔
برینڈن مکولم کے کوچ بننے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کی حکمت عملی سے مشہور ہونے والی انگلش کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ففٹی بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
ویسٹ انڈیز کیخلاف زیک کرالی صفر پر آؤٹ ہوئے لیکن بین ڈکٹ اور اولی پوپ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 4.2 اوورز (26 گیندوں) میں ٹیم کا سکور 50 رنز تک پہنچا دیا۔
یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے تیز ترین ففٹی سکور ہے، اس سے قبل انگلینڈ نے ہی 1994ء میں جنوبی افریقا کے خلاف 4.3 اوورز میں 50 رنز مکمل کیے تھے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام پر 416 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، انگلش ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔