تیسرا ون ڈے: انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 46 رنز سے شکست دے دی

Published On 25 September,2024 12:58 am

چیسٹر لی سٹریٹ: (دنیا نیوز) انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 46 رنز سے ہرا دیا۔

چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے 305 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ نے ہدف کے تعاقب میں 37.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنالئے تھے جس کے بعد بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا، بارش نہ رکنے پر انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 46 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز آسٹریلیا نے جیتے تھے، دونوں ٹیموں کے مابین چوتھا ون ڈے جمعہ اور پانچواں اتوار کو کھیلا جائے گا، پانچ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔