لاہور: (اسامہ غوری) 4 وینیوز، 8 ٹیمیں اور ایک ٹرافی، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا میلہ سجنے کو تیار ہے، پاکستان پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔
چمپئنز ٹرافی کے میچز کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہو گا، چمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی سے ہو گا جبکہ اختتام 9 مارچ کو ہو گا، پاکستان کے 3 شہر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کریں گے، لاہور، کراچی اور راولپنڈی مہمان ٹیموں کو خؤش آمدید کہیں گے۔
افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں شیڈول ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی، پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان مقابلہ 20 فروری کو یو اے ای میں شیڈول ہے جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی 21 فروری کو افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی کرے گا۔
چمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے میں 22 فروری کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں لاہور میں ٹکرائیں گی، بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ 25 فروری کو راولپنڈی میں ہو گا۔
افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ 26 فروری کو لاہور میں ہو گا، 28 فروری کو آسٹریلیا اور افغانستان لاہور جبکہ یکم مارچ کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کراچی میں مد مقابل ہوں گی، بھارت کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ 2 مارچ کو یو اے ای میں ہو گا۔
چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو یو اے ای اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہو میں ہو گا، 5 مارچ پہلے سیمی فائنل اور 6 مارچ دوسرے سیمی فائنل کیلئے ریزرو ڈیز ہوں گے۔
چمپیئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا یو اے ای میں کھیلا جائے گا، بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل 9 مارچ کو لاہور میں ہو گا جبکہ 10 مارچ فائنل کیلئے ریزرو دن کے طور پر مختص ہے۔