20 سال بعد پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں میچ کروانے پر غور

Published On 04 February,2025 11:23 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں 20 سال بعد میچ کروانے پر غور شروع کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق پی ایس ایل میچ کروانے کے لیے آئی سی سی کی ٹیم نے ارباب نیاز سٹیڈیم کا دورہ کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی ٹیم نے غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے گراؤنڈ، پویلین، ایریا روٹ اور ہوٹل روٹ کا سروے کیا، پشاور پولیس چیف نے آئی سی سی کی ٹیم کو سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔

پولیس حکام نے کہا کہ شائقین کے لیے شٹل سروس، ڈرون کیمرا مانیٹرنگ اور سٹیڈیم کے قریب ہیلی پیڈ بنایا جائے گا، پی سی بی اپریل میں پی ایس ایل کے 2 میچز پشاور میں کروانے پر غور کر رہا ہے۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لیے تسلی بخش انتظامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں آخری میچ 2006 میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا گیا تھا۔